معاہدے کے مطابق پاکستان جلد ہی عراق کو مذید 12 سپرمشاق طیارے فراہم کرے گا، اس سے قبل بھی پاکستان عراق کو بارہ سپر مشاق طیارے فراہم کرچکا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے لیفٹیننٹ جنرل (اسپیشل فورسز) احمد داؤد سلمان کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کےعراقی وفد سے ملاقات کی جس میں وزارت دفاع عراق کے جنرل سیکریٹری اور لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) شہاب جاہد علی تھے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں ہوا بازی کی صنعت میں تربیت اورترقی پر بنیادی توجہ کے ساتھ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے عزم پرزوردیا گیا۔ عراق کے جنرل سیکرٹری اورعراقی فضائیہ کے کمانڈرنے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اورعلاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نےعراقی فضائیہ کی استعداد کارمیں اضافے کے لیےعراقی پائلٹوں کے لیے جامع تربیتی پروگرام پیش کیے، ایئر چیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھونےعراقی وفد کو یقین دلایا کہ پی اے ایف عراقی فضائیہ کو اپنی فضائی طاقت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تربیت اور تکنیکی مدد فراہم کرتا رہے گا۔
ملاقات کے دوران ممتاز فلائنگ انسٹرکٹرز سکول میں عراقی ہوائی عملے کو تربیت دینے، انہیں کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹرز بننے کے قابل بنانے اور کالج آف ایئر ڈیفنس میں عراقی افسران کی تربیت کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران عراقی فضائیہ کو 12 سپر مشاق تربیتی طیاروں کی آئندہ فراہمی کی منظوری بھی دی گئی، اس سے قبل پاکستان عراق کو بارہ سپرمشاق طیارے فراہم کرچکا ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر طیارے کی فراہمی کے لیے مستقبل قریب میں عراق سے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے پاکستان کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔ عراق پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں؛ پاکستان زمبابوے کو12 سپرمشاق بیسک ٹرینرطیارے فروخت کرے گا۔