قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ سر پر ہے، روٹیشن کے لیے اب وقت نہیں رہا۔
دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے روانگی سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہورہی، تمام کھلاڑی ہمارے ذہن اور پلان میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی ہمارے لیے اہم ہے، کھلاڑیوں سے روزانہ کی بنیاد پر بات چیت ہورہی ہے۔ تمام فیصلے مشاورت سے کیے گئے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پورا فوکس ورلڈکپ پر ہے، ورلڈکپ جیتنے کے لیے انفرادی چیزوں پر توجہ نہیں ہے۔ آنے والے میچز میں بھرپور طاقت کے ساتھ جائیں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ماضی میں بھی ہمارا عزم تھا کہ ٹرافی لے کر آئیں۔ تمام کھلاڑیوں کا مقصد ایک ہی ہےکہ ورلڈکپ کیسے جیتا جائے، انشاءاللہ ٹرافی لے کر پاکستان آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیویارک میں مختلف کنڈیشنز ملیں گی ۔بڑے ایونٹ کا ہمیشہ دباؤ ہوتا ہے لیکن ہمارا ٹیم کمبی نیشن اور تیاری اچھی ہے۔
محمد حارث سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ محمد حارث پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ان کی ٹاپ آرڈر میں جگہ بھی نہیں بن رہی تھی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہ حارث رؤف کی فٹنس میں بہت جلد بہتری آئی ہے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ عامر جمال نے ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے لیکن انہیں پالش ہونے میں تھوڑا اور وقت لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے، ان کے لیے حکمت عملی بنائیں گے۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میچ پوری قوم کو ایک پیج پر لاتا ہے، کوشش ہوتی ہے کہ شائقین کے چہروں پر خوشی لائیں۔