متعلقہ

ہمالیہ سے بلند پاک چین دوستی آج خلاؤں کی سرحد بھی پار کرچکی ہے، شہباز شریف – پاک لائیو ٹی وی


ہمالیہ سے بلند پاک چین دوستی آج خلاؤں کی سرحد بھی پار کرچکی ہے، شہباز شریف

ہمالیہ سے بلند پاک چین دوستی آج خلاؤں کی سرحد بھی پار کرچکی ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد۔

وزیراعظم شہبازشریف نے چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’آئی کیوب قمر‘‘ سیٹلائٹ خلاء میں پاکستان کا پہلا قدم ہے۔ جوہری میدان کی طرح اس میدان میں بھی ہمارے سائنسدان، انجینئرز اور ہنرمند اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی، اس کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید، اسپارکو سمیت تمام ٹیم خاص طور پر پراجیکٹ میں حصہ لینے والے طالب علموں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی پاک چین دوستی خوشبوؤں کی سرحد سے آگے نکل کر آج خلاؤں کی سرحد بھی پار کرچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیا جانا ہمارے سائنسدانوں اور ماہرین کی قابلیت کا اعتراف ہے۔ یہ تکنیکی ترقی کے سفر کا بہت تاریخی لمحہ ہے، اس اہم کامیابی سے پاکستان خلا کے با مقصد استعمال کے نئے دور میں داخل ہوگیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ کامیابی سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھائے گی، سائنسی تحقیق، اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی جب کہ پاکستان کے بیٹوں نے ثابت کیا کہ وہ خلاﺅں کو بھی تسخیر کرنے کی صلاحیت، جذبہ اور مہارت رکھتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے چاہا تو 28 مئی 1998 کی طرح خلاﺅں اور معاشی اوج کمال کو بھی پہنچیں گے۔ مواصلاتی ڈھانچے میں خود مختاری کے اس خواب کی مکمل تعبیر سے پاکستان بھی اس شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنے والے ممالک میں شمار ہوگا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی سائنس وٹیکنالوجی، جدید علوم اور ہنرمندی میں ترقی وقت اور ملک کی ضرورت ہے۔ پوری کوشش اور توجہ ہے کہ اپنی نوجوان نسل کو جدید علوم وفنون، سائنس وٹیکنالوجی میں آگے لے کر جائیں تاکہ پاکستان ایجادات کی دنیا میں بھی سب سے آگے ہو۔