اسلام آباد: آزاد کشمیر میں امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے ایف سی کو 3 ماہ کے لیے تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے، چینی باشندوں اوربجلی گھروں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانےکے لیے ایف سی کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کی اجازت دے دی ہے جب کہ آزاد کشمیرحکومت نے پولیس کی معاونت کے لیے ایف سی کی تعیناتی کی درخواست کی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ آزاد کشمیر حکومت نے امن اومان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے ایف سی کی خدمات مانگیں تھیں، چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقنی بنانے کے لیے ایف سی تعینات ہوگی۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نیلم جہلم، منگلا اور گل پور پاور ہاوسز کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے ایف سی تعینات ہوگی تاہم آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے6 پلاٹونز تعینات کیے جائیں گے جب کہ آزاد کشمیر میں ایف سی کی تعیناتی 3 ماہ کے لیے ہوگی۔