گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قطر کے قونصل خانے کا دورہ کیا، جہاں قونصل جنرل اور دیگر سفارتی عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے غزہ جنگ بندی معاہدے میں قطر کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے قونصل جنرل کو گلدستہ اور مٹھائی پیش کی۔
گورنر سندھ اور قونصل جنرل کے درمیان ون آن ون ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، تجارت میں اضافے اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاک قطر تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں اور قطر کی سرمایہ کاری سے خطے میں بےروزگاری میں کمی آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے پرکشش شعبوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
قونصل جنرل نے اس موقع پر کہا کہ قطر پاکستان کو خطے میں معاشی اور دفاعی لحاظ سے مضبوط دیکھنا چاہتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے کوشاں ہے۔