وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں خصوصی صنعتی زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس کے لیے یکساں ٹیرف کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں صنعتی زونز کو بجلی کی فراہمی کے لیے ایک نیا نظام بھی منظور کر لیا گیا۔
کابینہ کمیٹی نے خصوصی صنعتی زونز کی انتظامیہ کو خود کنکشن فراہم کرنے، بلوں کی وصولی اور دیگر معاملات نمٹانے کی اجازت دے دی ہے۔
اس فیصلے کے تحت صنعتی زونز میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے افسران کی مداخلت مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔
پاور ڈویژن اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) آئندہ دو سے تین ماہ میں اس نئے نظام پر عملدرآمد شروع کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق، زون ڈیویلپرز کو صنعتوں کو بجلی کی فراہمی کے لیے کسی اضافی لائسنس کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اس نظام کا اطلاق تمام خصوصی صنعتی زونز پر کیا جائے۔
اجلاس میں بجلی کے گردشی قرضے اور وصولیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گردشی قرضے میں کمی ریکارڈ کی گئی، جو 12 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اس کے علاوہ، بجلی کے شعبے کی وصولیوں میں چار فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد وصولیوں کی شرح 96 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
وزیر اعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران بجلی کی مجموعی قیمت میں چار روپے 64 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، جو صارفین کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگی۔