وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مستحق اور نادار افراد کو تین مرلے کا مفت پلاٹ دینے کے لئے اسکیم لانے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کالا شاہ کاکو آمد ہوئی، انہوں نے زہرہ ہومز / مسکن راوی کا افتتاح کر دیا۔
انہوں نے زہرہ ہومز/ مسکن راوی کا دورہ کیا اور تفصیلی معائنہ کیا۔
مریم نواز نے 100 خاندانوں کو گھروں کے الاٹمنٹ لیٹرز اور چابیاں دیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے زہرہ ہومز/ مسکن راوی کے معیار اور سہولتوں پر اظہار اطمینان کیا۔
مریم نواز شریف کو زہرہ ہومز / مسکن راوی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ کالا خطائی روڈ، لاہور پر موضع نہرہ پور میں ابتدائی طور پر 100 مکانات تعمیر کیے گئے ہیں، زہرہ ہومز میں ہر گھر 400 مربع فٹ پر محیط ہے، زہرہ ہومز میں دو بیڈروم،ایک باورچی خانہ،ایک باتھ روم اور صحن شامل ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ زہرہ ہومز کو ترین ای پی ایس اسمارٹ پینل ٹیکنالوجی سے زلزلے سے محفوظ، توانائی کے لحاظ سے مؤثر اور ماحولیاتی طور پر پائیدار بنایا گیا، مسکنِ راوی کا ہر گھر 5 کلو واٹ کے سولر سسٹم سے چلایا جائے گا۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ کمیونٹی میں صاف پانی کے لیے آر او پلانٹ، ایک اسکول، کھیل کے میدان، مسجد اور ڈسپنسری کی سہولتیں دی گئی ہیں، مسکنِ راوی ہاؤسنگ اسکیم روڈا اور ای پی ایس سولوشنز پاکستان کی مشترکہ کاوش ہے۔
تقریب میں صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی خدمات اور پراجیکٹس پر ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔