پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ یہ غلط ہے 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ مذاکرات کی وجہ سے مؤخر ہورہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو ذہنی طور پر تیار تھے آج فیصلہ سنایا جانا ہے، فیصلے کے لیے ہم تیار ہو کر آئے تھے، ہمیں نہیں پتہ جج اتنی جلدی میں کیسے چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی عملے نے آگاہ کیا تھا آج 11 بجے فیصلہ سنایا جائے گا، جیل میں داخل ہونے سے پہلے بتایا گیا فیصلہ مؤخر ہوگیا ہے۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس سیاسی ہے، فیصلہ انصاف پر ہو تو بانی پی ٹی آئی کو آج بری ہونا تھا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہمیں دیوار پر لکھا نظرآتا رہا، ناانصافی ہوتی رہی، ہمارے ساتھ ٹرائل کورٹ کا رویہ غیرمنصفانہ رہا ہے، یہ غلط ہے 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ مذاکرات کی وجہ سے مؤخر ہورہا ہے۔