امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بیوکریسی، جاگیر داروں، خانو اور وڈیروں کی پاکستان پر اجارہ داری ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحماٰن نے مردان میں ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دورمیں طاغوتی قوتیں ہوتی ہے، بیرونی طاغوتی قوت اگر ہمیں نظر آتی ہے تو وہ امریکہ ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکہ کبھی عراق، ایران اور کبھی افغانستان میں لشکر کشی کرتا ہے اور کہتا ہے کہ ہماری بات مان لیں، مصر میں اخوان المسلمون کامیاب ہوگئی امریکہ نے ایک سال سے زائد حکومت چلنے نہیں دی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل فلسطین میں امریکہ کی سرپرستی میں قتل و غارت کررہا ہے، جبکہ بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ، مقامی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار ہمارے اوپر مسلط ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت جاگیرداروں پر ٹیکس نہیں لگاتی بلکہ غریب کسان کی خون پسینے کی کمائی نچوڑ لیتی ہے، ظالم حکمران ہمارے خون پسینے کی کمائی نچوڑ کر آپس میں تقسیم کرتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دو کروڑ 77 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں حکومت کو کوئی فکر نہیں، روزگار نہیں، کھانے پیینے کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ اسلام عدل کا نام ہے، چند لوگوں نے اسے محدود کر رکھا ہے، ایسا نظام قائم کریں گے جہاں عورت کو وراثت، خاندان میں انصاف اور تحفظ حاصل ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ انشاء اللہ وہ وقت ضرور آئے گا کہ جلد عدل کا نظام قائم ہوگا، ظلم کا نظام جلد مٹ جائے گا، اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔