فرانس کے شہر اسٹراس برگ میں 2 ٹرامز آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 30 افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کے شہر اسٹراس برگ کے سنٹرل اسٹیشن میں 2 ٹرامز آپس میں ٹکرانے سے 30 افراد زخمی ہوگئے جبکہ کچھ کو معمولی چوٹیں آئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ طبی حکام نے 100 افراد کو اسپتالوں میں چیک کیا اور کسی کی حالت بھی تشویشناک نہیں ہے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حادثے کی وجوہات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جاسکتا۔
دوسری جانب فرانس کے مقامی میڈیا نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں ٹراموں میں سے ایک پٹری کو تبدیل کر کے اسٹیشن پر رکی ہوئی ٹرام سے ٹکرا گئی۔
واضح رہے کہ اسٹراس برگ 1994 میں ٹرام سروس دوبارہ شروع کرنے والا پہلا فرانسیسی شہر ہے، فرانس میں ٹرام سروس 1960 میں بند کر دی گئی تھی۔