لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کو یادگار ایونٹ بنانے کیلئے تیار ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کا اچانک دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے مین بلڈنگ کے فنشنگ کاموں کا معائنہ بھی کیا اور فنشنگ ورک کو ہر صورت جلد مکمل کرنے کی ہدایت دے دی۔
چیئرمین پی سی بی نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈرینج ورک کو بھی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، انشاءاللہ جدید سہولتوں سے آراستہ قذافی اسٹیڈیم رواں ماہ مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے، شائقین کرکٹ کے لئے نئی کرسیاں اور نئی ایل ای ڈی لائٹس لگائی جا رہی ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شائقین میچ کے ساتھ لیزر لائٹ شو سے بھی محظوظ ہو سکیں گے، نئی اسکور اسکرینز کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے، پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کو یادگار ایونٹ بنانے کیلئے تیار ہے۔