سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ برائے بین الاقوامی تعاون اور رابطہ کاری کا پانچواں اجلاس بیجنگ میں ہوا۔
ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بیجنگ میں ہونے والے مشترکہ ورکنگ گروپ اجلاس کی مشترکہ صدارت سیکریٹری خارجہ، آمنہ بلوچ، اور چین کے نائب وزیر خارجہ، سن ویڈونگ نے کی۔
فریقین نے گروپ کے چوتھے اجلاس کے بعد پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ اجلاس میں علاقائی رابطوں، باہمی فوائد، اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے میں سی پیک کے مرکزی کردار کو بھی تسلیم کیاگیا۔
سیکریٹری خارجہ نے سی پیک کو پاک چین اقتصادی تعاون کی بنیاد اور دائمی دوستی کی درخشاں علامت قرار دیا، جبکہ دوسری جانب چینی نائب وزیر خارجہ نے سی پیک 2.0 کے تحت متعارف کردہ پانچ نئی راہداریوں ترقی، معاش، جدت، کھلا پن، اور گرین کوریڈور کو اجاگر کیا۔
اجلاس میں چینی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کے فائیو ایز پر مبنی قومی ترقیاتی فریم ورک اور سی پیک کے مربوط تعلق پر بھی روشنی ڈالی، فریقین نے میڈیا، ثقافتی تبادلے، اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔