کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہر قائد میں شاہراہ بھٹو فیز ون کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے کراچی کی ترقی بہت ضروری ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں شاہراہ بھٹو فیز ون کے افتتاح کے موقع پر خطاب کیا جس دوران انہوں نے کہا کہ کوشش رہی ہے کہ عوام کو مفت یا کم سے کم قیمت کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کراچی کی ترقی اور عوام کے روزگار کے لیے کوشاں رہیں، شہید محترمہ نے اپنے دور اقتدار میں کراچی پر خصوصی توجہ دی جب کہ آصف زرداری نے کراچی پر کتنی توجہ دی اس کی گواہ بزنس کمیونٹی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام کا بڑا مسئلہ شہر کا انفرا اسٹرکچر اور ٹریفک ہے جب کہ یہ منصوبہ میرا پسندیدہ ہے اور ہم اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنا رہے ہیں، ہم نے شہید بی بی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے۔
بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ سندھ حکومت کراچی کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کی جب کہ بے نظیر بھٹو نے آپ کی مدد کے ساتھ آمرانہ حکومتوں سے جدوجہد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے سال پر سندھ حکومت نے شاہراہ بھٹو کے فیز ون کا افتتاح کیا، پاکستان کی ترقی کے لئے کراچی کی ترقی بہت ضروری ہے۔ 3 نسلوں سے اس شہر کی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں۔