آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے غیر ملکی ٹیمیں فروری کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچنا شروع ہوجائیں گی۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ فروری کے پہلے ہفتے میں شروع ہوجائے گا جب کہ پریکٹس میچز 12 سے 18 فروری کے درمیان شیڈول ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے ہر ٹیم کو دو پریکٹس میچز کھیلنے کا موقع دیا جائے گا جب کہ ان میچز میں شرکت کے حوالے ٹیمیں براہ راست آئی سی سی کو آگاہ کریں گی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچز تین مقامات پر کھیلے جائیں گے جن میں لاہور، کراچی اور راولپنڈی اسٹیڈیم شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ وہ ٹیموں ہوں گی جو سب سے پہلے پاکستان پہنچیں گی، ٹورنامنٹ سے قبل میزبان پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹرائی اینگولر سیریز شیڈول ہے جس کے میچز کراچی اور لاہور میں شیڈول ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کا 10 فروری کے بعد پاکستان پہنچنے کا امکان ہے جب کہ افغانستان کی ٹیم فروری کے دوسرے ہفتے میں پاکستان پہنچے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 16 فروری سے ہونے جارہا ہے جب کہ بھارت کے میچز متحدہ عرب امارات میں شیڈول کیے گئے ہیں۔