متعلقہ

سول نافرمانی کی کال دینے والوں کو بیرون ملک پاکستانیوں نے جواب دے دیا، مریم اورنگزیب – پاک لائیو ٹی وی


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سینئیر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی کال دینے والوں کو بیرون ملک پاکستانیوں نے جواب دے دیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سینئیر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ریکارڈ ترسیلات زر اور یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ فتنوں کی سیاہ رات کے خاتمے پر خوشحالی کی صبح قوم کو مبارک ہو، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو ترقی سے ہم کنار کرنے کی قائد محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی روایت پھر دہرا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے 3.1 ارب ڈالر کی ریکارڈ رقم پاکستان بھیج کر بانی پی ٹی آئی کی کال کو مسترد کیا ہے، سول نافرمانی کی کال دینے والوں کو بیرون ملک پاکستانیوں نے جواب دے دیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ڈالر نہ بھجوانے کی کال کے بعد بیرون ملک پاکستانیوں نے دسمبر 2024 کے مہینے میں 3.1 ارب ڈالر بھجوائے جو دسمبر 2023 کے مقابلے میں 29.3 فیصد زیادہ ہیں، الحمدللہ ساڑھے چار سال بعد یورپ کے لئے پی آئی اے پروازیں بھی شروع ہوگئی ہیں۔

سینئیر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ وہ بہروپیے تھے جنہوں نے پارلیمان میں بیانات دے کر اپنے کی قومی اثاثوں کو نقصان پہنچایا اور پی آئی اے کے پائلٹس کے روزگار کو نقصان پہنچایا، ساڑھے چار سال کے نقصان کا جواب کون دے گا؟

 انہوں نے کہا کہ نالائق نااہل چوروں کے پہلے 2018 -2019 ایک سال کا موازنہ کریں اور شہباز شریف کے پہلے ایک سال کا موازنہ کریں جواب خود مل جائے گا، بزدار کے پہلے ایک سال کا موازنہ کریں اور مریم نواز کے ایک سال کو موازنہ کریں جواب خود مل جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 2018 سے 2019 تک کم ترین مہنگائی بلند ترین مہنگائی میں تبدیل، خارجہ پالیسی تباہ، آئی ایم ایف کی واپسی سی پیک بند، دہشت گردی کی واپسی، تاریخی قرضے اور کرپشن جبکہ 2022 سے 2024 ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، مہنگائی میں تاریخی کمی، غیر ملکی دوستوں کی واپسی، سی پیک کی بحالی تاریخی منصوبے ہیں۔