وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فیس لیس سسٹم سے بوسیدہ نظام کا خاتمہ ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیس لیس کسٹمر اسیسمنٹ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر اور کراچی پورٹ کے افسران کی خدمات قابل ستائش ہیں، کسٹم میں جدید نظام متعارف کرانا ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید خود کار نظام میں انسانی مداخلت کم سے کم ہوگی، فیس لیس کسٹمر اسیسمنٹ کے آغاز پر افسران سے چبھتے ہوئے سوال کیے، افسران نے سوالوں کے جواب دیئے، جدید نظام کے تحت کلیئرنس کا عمل 107 گھنٹے سے کم ہو کر 19 گھنٹے پر آگیا، فیس لیس سسٹم سے 88 فیصد درآمد کنندگان مطمئن ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل شروع کیا، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فیس لیس سسٹم سے بوسیدہ نظام کا خاتمہ ہوگا، جی ڈی پی کے تناسب سے محصولات کی شرح 10.8 فیصد ہے، ایف بی آرسمیت دیگر اداروں میں اصلاحات سے بہتری آرہی ہے، اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کو کیش ایوارڈز دیئے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے برآمدات میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی ہوئی، ترسیلات زر میں 24 فیصد اور آئی ٹی برآمدات میں 34 فیصد اضافہ ہوا، معیشت کی بہتری ایک بڑا چیلنج ہے، اڑان پاکستان پروگرام کی کامیابی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوری اور لائن لاسز کی وجہ سے گردشی قرضہ 2500 ارب تک پہنچ گیا، تمام ڈسکوز کو باہمی مشاورت سے صوبوں کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہیں، سرمایہ کاروں کے لیے ٹیکس اصلاحات کی جارہی ہیں، سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ٹیکس نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں، حکومتی نظام کو ای گورننس کے تحت لانا ترجیح ہے، ملک میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول یقینی بنائیں گے۔