پاکستان کی معروف اداکارہ حنا بیات نے شوہر کی دوسری برسی پر جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
پاکستان کی معروف اداکارہ حنا بیات نے شوہر کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوہر کے ہمراہ ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر شیئر کی ہے۔
تصویر کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا ہے کہ میں نے خالی پن کو خوش گوار یادوں سے بھرنا سیکھ لیا ہے، میں نے درد کو شکر گزاری سے بدلنا سیکھ لیا ہے، میں نے ایک بار پھر سے ملنے کی امید کے ساتھ جینا سیکھا ہے کیوں کہ میں نے اپنی پوری زندگی آپ کے لیے انتظار کیا اور اب میں دوبارہ آپ کے ساتھ رہنے کا انتظار کرتی ہوں، ایسی زندگی میں جو کبھی ختم نہیں ہوگی۔
اداکارہ نے تصویر پر ایک شعر بھی لکھا؛
وقت دو مجھ پر کٹھن گزرے ہیں ساری عمر میں
اک تیرے آنے سے پہلے، اک تیرے جانے کے بعد
یاد رہے کہ اداکارہ حنا بیات نے اپنے ایک انٹرویو میں شوہر سے پہلی بار ملنے کی کہانی سناتے ہوئے بتایا تھا کہ میں اور میرے شوہر ایک دوست کی شادی میں ڈانس کرتے ہوئے ملے تھے، پھر دونوں کی آپس میں بڑی گہری دوستی اور دوستی کے بعد شادی ہو گئی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے سب سے اچھے دوست سے شادی کی، ہماری شادی میں کوئی رکاوٹ یا کوئی پریشانی نہیں آئی تھی، ہماری شادی سے سب ہی بہت خوش اور مطمئن تھے۔