پاکستان علما کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی نے کرم معاہدے کے کامیاب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک خوش آئند اقدام قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ اللہ کی مہربانی سے مکمل ہوا اور اس کی کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
مولانا طاہر اشرفی نے اس معاہدے کو ممکن بنانے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت، فوج اور سکیورٹی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام ادارے قابلِ تحسین ہیں جنہوں نے اس اہم معاہدے کی تکمیل کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔
پاکستان علما کونسل کے چیئرمین نے معاہدے کی کامیابی پر تمام مکاتب فکر کے علما اور مشائخ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں اور تعاون اس معاہدے کی کامیابی کی بنیاد بنے۔
انہوں نے کرم کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے وطن، دین اور قوم کے لیے متحد ہو کر کام کریں اور ہر قسم کے انتشار کی کوششوں کو ناکام بنائیں۔
مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل کر ایک پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔