گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سال نو کا جشن عالمی طرز پر منانے کا اعلان کیا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ لندن، پیرس اور نیویارک کی طرح کراچی میں بھی شاندار آتشبازی ہوگی، جبکہ سال نو کی آمد کو امید اور روشنی کی کرنوں کے ساتھ خوش آمدید کہیں گے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں سال نو کے استقبال کے لیے شاندار آتشبازی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، اس کے علاوہ سال نو کے موقع پر قوالی کی یادگار محفل کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے معروف قوال افضل صابری گورنر ہاؤس میں سال نو کے موقع پر اپنی پرفارمنس پیش کریں گے، جبکہ سال نو کے جشن کے لیے تاریخی اسٹیج کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوشش جاری رکھوں گا، کراچی کے تمام شہریوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور گورنر ہاؤس میں ہمارے ساتھ جشن منائیں۔
کامران خان ٹیسوری نے مزید یہ بھی کہا کہ گورنر ہاؤس میں کلچرل پروگرامز شہریوں کو امید اور حوصلہ دینے کی ایک کاوش ہیں۔