حکومت پنجاب نے ایک استعفیٰ مانگا، 31 استعفے پہنچ گئے – پاک لائیو ٹی وی


 ملتان کے نشتر ہسپتال میں ایڈز پھیلنے کے واقعے کی انکوائری کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے غفلت برتنے پر وی سی نشتر میڈیکل یونیورسٹی، مناز خاکوانی کو استعفیٰ دینے کی ہدایت کی تھی۔

تاہم اس کے بعد نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی نے وی سی کے خلاف کارروائی کو انتقامی قرار دیتے ہوئے اپنے استعفے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو جمع کروا دیے۔

نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی ممبران نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ حالیہ واقعات پر گہرے تحفظات رکھتے ہیں، جن میں اعلیٰ حکام کی جانب سے فیکلٹی اور وائس چانسلر کے ساتھ نامناسب رویہ اپنایا گیا۔

فیکلٹی ممبران نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ عہدوں سے اجتماعی طور پر استعفیٰ دے رہے ہیں۔

نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کے قریب 31 فیکلٹی ممبران نے اپنے استعفے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو ارسال کر دیے ہیں، جس سے ہسپتال کی انتظامیہ اور حکومت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

فیکلٹی کا موقف ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور فیصلوں میں ان کی مشاورت نہ ہونے کی وجہ سے وہ یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں۔

Exit mobile version