پنجاب میں گزشتہ کئی روز سے جاری دُھند آج بھی برقرار ہے، جس کی وجہ سے موٹر وے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس نے اطلاع دی ہے کہ دھند کی شدت کی وجہ سے موٹروے ایم 4 عبدالحکیم سے ملتان تک اور ایم 5 شیر شاہ ملتان سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق یہ اقدام عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں۔ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں سفر کے لیے بہترین اوقات ہیں۔
ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دھند کے دوران اپنی گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی فوگ لائٹس کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔
مزید معلومات اور مدد کے لیے عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔