27 دسمبر کی رات فتنہ الخوارج کے 20-25 خارجیوں نے افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں کا استعمال کرتے ہوئے کُرم اور شمالی وزیرستان میں دو مقامات سے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سیکیورٹی فورسز نے بر وقت کارروائی کر کے در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی، 28 دسمبر کی صبح خارجیوں نے دوبارہ افغان طالبان کی پوسٹوں کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی
ذرائع نے بتایا کہ در اندازی کی کوشش ناکام ہونے پر 28 دسمبر کی صبح خارجیوں اور افغان طالبان نے ملکر پاکستانی پوسٹوں پر بِلا اشتعال بھاری ہتھیاروں سے فائر کھول دیا، پاکستان سیکیورٹی فورسز نے اس بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق افغانستان سائیڈ پر بھاری نقصانات کی ابتدائی اطلاعات ہیں، مؤثر جوابی فائر سے پندرہ سے زائد خارجیوں اور افغان طالبان کے ہلاک ہونے اور متعدد کے زخمی ہونے کی بھی مصدقہ اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موثر جوابی کارروائی اور گولا باری سے افغان طالبان چھ پوسٹیں چھوڑ کر بھی بھاگ گئے، افغان سائڈ پر نقصانات مزید بڑھنے کی بھی اطلاعات ہیں، پاکستان سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نا ہونے اور صرف تین زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ پاکستان نے بارہا انٹرم افغان حکومت سے فتنہ الخوارج کو پاکستان کے خلاف اپنی سر زمین نہ استعمال کرنے کا کہا ہے، بجائے فتنہ الخوارج کو کنٹرول کرنے اور ان دہشتگرد عناصر کی سرکوبی کرنے کے، افغان طالبان فتنہ الخوارج کی مسلسل معاونت کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج افغانستان میں پوری آزادی کے ساتھ موجود ہیں اور پاکستان مخالف دہشتگردانہ سرگرمیوں کے لئے افغان سر زمین کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں، پاکستان سیکیورٹی فورسز کسی بھی طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔