متعلقہ

کراچی ایئرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ کا بڑا منصوبہ ناکام؛ بھارتی ایجنٹ کے ملوث ہونے کا انکشاف – پاک لائیو ٹی وی



کراچی ایئرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ کا بڑا منصوبہ ناکام؛ بھارتی ایجنٹ کے ملوث ہونے کا انکشاف

کراچی ایئرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا جس میں بھارتی ایجنٹ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی سازش بے نقاب کر دی، ایجنٹ سمیت 4 مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کراچی کے مطابق گرفتار ملزمان میں حسیب احمد، قیصر احمد، عثمان علی اور ایجنٹ عبدالشکور شامل ہیں، ملزمان کا تعلق فیصل آباد، چینیوٹ، گجرانوالہ اور ننکانہ صاحب کے مختلف علاقوں سے ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ انسانی اسمگلر عبدالشکور نے دیگر ملزمان کو پولینڈ بھجوانے کے نام پر 14 لاکھ روپے فی کس کے معاہدے کیے، ملزمان نے ایجنٹ کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس ایڈوانس بھی دیے، ملزمان نے غیر قانونی طریقے سے آذربائیجان سے پولینڈ جانا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق انسانی اسمگلر عبدالشکور کے موبائل سے اہم شواہد برآمد کر لیے گئے، ملزم عبدالشکور نے دیگر ملزمان کے آذربائیجان کے ویزے زم زم ٹریول شانگلہ ہل سے حاصل کیے، ملزم عبدالشکور انڈین ایجنٹ سے رابطے میں تھا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ آذربائیجان میں رہائش پزیر گوتم شرما نامی انڈین ایجنٹ نے ملزمان کو آذربائیجان سے غیر قانونی طریقے سے پولینڈ بھجوانا تھا، ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔