وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں گیس سپلائی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ۔
وزیر اعظم نے گھریلو صارفین کو گیس سپلائی میں کمی کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے سسٹم کی ساخت میں اصلاحات لانے کی ہدایت تاکہ اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کیا جاسکے۔
وزیر اعظم کو اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سسٹم میں سرپلس آر ایل این جی موجود ہے، جس کی وجہ سے گیس لوڈ مینجمنٹ میں پچھلے سال کی نسبت بہتری آئی ہے ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم ہے ۔ گھریلو صارفین کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک گیس فراہم کی جارہی ہے ، پاور سیکٹر کو بھی گیس ڈیمانڈ کے مطابق دی جا رہی ہے ۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صارفین کی شکایات کے حوالے سے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کے آن لائین ڈیش بورڈز کام کر رہے ہیں ۔ ایس این جی پی ایل کی شکایات کو حل کرنے کی شرح 93 فیصد جبکہ ایس ایس جی سی کی شرح 79 فیصد ہے ۔ ملک کی تمام گیس فیلڈز فعال ہیں ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔