آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور افواج پاکستان کا بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مسلح افواج قائداعظم کے لازوال وژن اور بے مثال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں، بابائے قوم کی انتھک کوششوں نے ہمارے عوام کو متحد کیا اور ایک خودمختار اور آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس دن ہم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے ان کے رہنما اصولوں کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کی تجدید کرتے ہیں۔
مسلح افواج نے کرسمس کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اپنے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر، ہم محبت، اخوت اور امن کی عالمی اقدار کا جشن مناتے ہیں، مسلح افواج قوم کی حفاظت اور وطن کی خدمت میں انصاف، مساوات اور ہم آہنگی کے نظریات کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔