متعلقہ

صدر مملکت کا کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلیے محبت، اتحاد اور امن کا پیغام – پاک لائیو ٹی وی


صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرسمس کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کرسمس انسانیت کے لیے ایک آفاقی پیغام لاتا ہے جو محبت، سخاوت، رحم، اتحاد اور امید کی ترغیب دیتا ہے۔

صدر مملکت نے حضرت عیسیٰؑ کے پیغام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ نے محبت، ہمدردی اور امن کا پیغام دیا، جو ہمیں ایک جامع اور پرامن معاشرے کے قیام کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

انہوں نے آئینِ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ آئین تمام شہریوں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اور قائداعظم کی قیادت میں پاکستان کا تصور ایک ایسا ملک تھا جہاں تمام مذاہب کے لوگ برابری کی بنیاد پر ترقی کر سکیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسیحی کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی میں تعلیم، صحت، سماجی بہبود اور عوامی خدمت کے شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی یکجہتی اور ترقی کے لیے تمام شہریوں کے حقوق کی پاسداری ناگزیر ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ ہمیں مذہبی ہم آہنگی، احترامِ باہمی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عدم برداشت اور امتیازی سلوک کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی اور یہ یقینی بنانا ہوگا کہ پاکستان میں ہر شخص کا عزت و احترام کیا جائے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر پاکستانی شہری کو خود کو محفوظ اور محترم سمجھنا چاہیے اور ہمیں ایک دوسرے کی طرف دوستی اور یکجہتی کا ہاتھ بڑھانا ہوگا۔

صدر مملکت نے کرسمس کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار مسیحی برادری کے لیے مسرت، خوشحالی اور امید لے کر آئے۔