لاہور میں 90 شاہراہِ قائداعظم پر کرسمس کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے شرکت کی۔
اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے دیگر صوبائی وزراء کے ہمراہ کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔
تقریب میں امریکی قونصل جنرل کرسٹنز ہاکنز نے مسیحی کمیونٹی کو کرسمس کی خوشیاں مبارکباد دی۔
عظمیٰ بخاری نے اس موقع پر کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے اس اہم ایونٹ میں شریک ہیں اور بلاشبہ کرسمس ہم سب کے لیے ایک بڑا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اقلیتوں کے لیے بے شمار اقدامات کیے ہیں، جن میں اقلیتی کارڈ کا اجرا بھی شامل ہے، جو ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کرسمس کے لیے گرانٹ میں اضافہ کیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ اور تمام ڈی سیز کو گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے اس ایونٹ کو مسیحی کمیونٹی کے ساتھ حکومت پنجاب کا بھی ایونٹ قرار دیا اور کہا کہ مذہب کے حوالے سے حکومت پنجاب میں کوئی تفریق نہیں کی جاتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز خود ایسٹر کے موقع پر مریم آباد گئیں اور بیساکھی کے دوران سکھ کمیونٹی کے ہمراہ موجود رہیں، جس سے حکومت پنجاب کی اقلیتوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ ہوتا ہے۔