چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرکٹ کو اعلیٰ سطح پر فروغ دینے اور ایک بڑے ایونٹ آرگنائزر کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے ہمارے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان، چیمپیئنز ٹرافی میں دنیا کو خوش آمدید کہنے کے لیے پرجوش ہے جب کہ ہم اپنی روایتی مہمان نوازی کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے محبت کرنے والے ملک کے طور پر ہم آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
محمد رضوان نے مزید کہا کہ ہم اپنے مداحوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگا جس میں بھارت کے میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں 19 فروری کو کھیلا جائے گا جب کہ پاک بھارت میچ 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔
اسی طرح 27 فروری کو پاکستان کا مقابلہ بنگلادیشن سے ہوگا جو راولپنڈی میں شیڈول ہے جب کہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا جب کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں منعقد ہوں گے۔
بھارت نے اگر فائنل کے لئے کوالیفائی نہ کیا تو ایونٹ کا فائنل لاہور میں ہوگا جب کہ سیمی فائنلز کے لیے ریزرو ڈیز مختص کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ طے شدہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان بھی بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلا گا۔