متعلقہ

شرجیل میمن کی عارف علوی پر تنقید – پاک لائیو ٹی وی



شرجیل میمن کی عارف علوی پر تنقید

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی کو کڑی تنقید کو نشانہ بنادیا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عارف علوی آدھے تیتر آدھے بٹیر ہیں جو سیاسی شوشے چھوڑتے رہتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عارف علوی بتائیں وہ خود کیسے اقتدار میں آئے، عارف علوی کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے راہ ہموار کرنی چاہیے۔

صوبائی وزیر کہتے ہیں کہ اپوزیشن کے ساتھ اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی جب کہ پیپلزپارٹی شروع سے کہہ رہی ہے کہ معاملات بات چیت سے حل ہوں گے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات میں جو بھی ملوث ہے وہ اپنے گناہ کا خمیازہ بھگتے، 9 مئی کے ملزمان کو سزا ملنا پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، عسکری تنصیبات پر حملہ ہوگا تو کیسز ملٹری کورٹس میں چلیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے تاجروں کو سہولت فراہم کی جاسکتی ہے جب کہ پاکستان میں بہت زیادہ مثبت تبدیلیاں لے کر آنی ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار اور رہائش کے لیے سہولیات دینا ہوں گی۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ چین سمیت کئی ممالک کے وفود نے پاکستان کے دورے کیے، ملک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جب کہ ملک میں قدرتی مائنز اور منرلز موجود ہیں۔