کراچی: گورنر سندھ کامران ٹسوری نے کہا ہے کہ ہم پارا چنار کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
کامران ٹسوری اور خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار اور کرم ایجنسی میں معصوم جانیں ضائع ہوئی ہیں، غذائی قلت اور ادویات کی کمی بڑھ گئی تھی، ہمیں اس مسئلے کو حل کرنا تھا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہم نے جے ڈی سی سے رابطہ کیا، ہمیں ادویات، خشک دودھ اور راشن باکس کی ضرورت تھی، ہم پارا چنار کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کو حل کرنے کے لیے تیار تھے، ہم نے مختلف تنظیموں کے سربراہان سے بات کی، اس معاملے کو بیٹھ کر حل کرانا تھا، دونوں فریقوں میں صلح کروانی تھی، یہ ٹرک ابھی پشاور بھیج رہے ہیں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
خالد مقبول صدیقی
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر سندھ نے سب کیلئے مثال قائم کی ہے، انہوں نے انسانی ہمدردی کو ملک کےآخری کونے تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ مڈل کلاس کی لیڈر شپ کے نتائج ہے، گورنر نے اپنا منصب عوامی خدمت میں تبدیل کیا ہے یہ ایک مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بھی گورنر نے طلبا کے لئے اہم کورسز اور ملازمتیں دینے کا کام کیا، گورنر ہاوس کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ کون غلط کون ٹھیک، آپ کو مذاکرات ہی کرنا ہوتے ہیں، مذاکرات ہوں گے تو اس میں یہ بات ہوسکے گی آپ کیا کررہے ہیں۔