اسلام آباد: حکمران اتحاد اور اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی میں مذاکرات کا بریک تھرو آج ہونے جارہا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں بیٹھک لگے گی۔
حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مذاکراتی کمیٹیوں کے مذاکرات آج ان کیمرہ ساڑھے گیارہ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوں گے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آج کے اجلاس کا باقاعدہ نوٹس جاری کردیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ان کیمرہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس آج دن ساڑھے گیارہ بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم پانچ میں ہوگا، تاہم حکومت اور اپوزیشن کمیٹیوں کے اراکین کو بھی نوٹس کے ذریعے آگاہ کردیا گیا۔
اسپیکر کی طرف سے فریقین کو بغیر شرائط میز پر بیٹھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بعدازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ خان، سینٹر عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان، چوہدری سالک حسین اور بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد حسین مگسی شامل ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی، انہوں نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔
وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز مانتے ہوئے حکومتی اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔