پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان اور بھارت کے میچز یو اے ای میں نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے ترجمان عامر میر نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو کے انتخاب کا فیصلہ میزبان ملک پاکستان کا اختیار تھا، جو یو اے ای کو چننے کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔
نیوٹرل وینیو کے انتخاب کا حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شیخ نہیان مبارک النہیان کے درمیان ملاقات کے بعد ہوا۔
ترجمان کے مطابق، شیخ نہیان، جو اس وقت پاکستان کے دورے پر ہیں، نے اس فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔
پی سی بی کے مطابق، اب چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز نیوٹرل وینیو یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے انعقاد کو یقینی بنانا اور چیمپئنز ٹرافی کو کامیاب بنانا ہے۔
ترجمان عامر میر نے کہا کہ یو اے ای کرکٹ کے لیے ہمیشہ ایک بہترین نیوٹرل وینیو ثابت ہوا ہے، اور اس فیصلے سے ٹورنامنٹ کو مزید تقویت ملے گی۔