متعلقہ

گھوٹکی، چیئرمین پی سی بی کی یو اے ای کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے ملاقات – پاک لائیو ٹی وی


چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سردار گڑھ، گھوٹکی کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وزیر، شیخ نہیان مبارک النہیان سے ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک میں کرکٹ کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یو اے ای میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مزید اقدامات پر اتفاق کیا۔ محسن نقوی نے شیخ نہیان کو پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے کے لیے دورے کی دعوت دی، جس پر شیخ نہیان نے پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شیخ نہیان مبارک النہیان نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتے ہیں اور چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنی نیک تمنائیں پاکستان کے ساتھ ہیں۔

محسن نقوی نے یو اے ای میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پاکستان آمد ہمارے لیے باعث افتخار ہے، اور یو اے ای کی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان یو اے ای کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کے لیے قریبی تعاون کے ساتھ کام کرے گا۔

محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے عوام میں بہت خوشی اور جوش پایا جاتا ہے اور ہم چیمپئنز ٹرافی کو شاندار اور منفرد ٹورنامنٹ بنانا چاہتے ہیں۔