کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مٹھی بھر دہشتگرد ہمارے عزائم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردانہ حملے اور 16 جوانوں کے شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردانہ حملے میں جوانوں کی شہادت پر غمزدہ اور افسردہ ہے، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں ہماری قومی خودمختاری، امن و استحکام پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود ہم دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ثابت قدم اور پرعزم ہیں، مٹھی بھر دہشتگرد ہمارے عزائم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
انکا کہنا تھا کہ شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کی قربانیاں بے مثال حوصلے اور حب الوطنی کی مثال کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ پوری قوم شہداء کے لواحقین اور اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔