پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ملاقات ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے دوران ہوئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے صدر اردوان کی قیادت میں ترکیہ کی مثالی ترقی کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کو مشترکہ منصوبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کو آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانا چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تبادلہ خیال کیا اور 5 ارب ڈالرز کے تجارتی ہدف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے قومی مفاد کے مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کشمیر کے مسئلے کے لیے ترکیہ کی حمایت کو سراہا، جبکہ صدر اردوان نے قبرص کے مسئلے پر پاکستان کی حمایت کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے دونوں رہنماؤں نے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور اسرائیلی نسل کشی کے اقدامات کی مذمت کی۔ اس کے علاوہ، مشرق وسطیٰ اور شام کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور مذہبی روابط کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے عوام پاکستان کے لیے اپنے دلوں میں خاص مقام رکھتے ہیں۔
صدر اردوان نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور علاقائی امن و استحکام کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری کو سراہتے ہوئے ترک صدر نے پاکستان کی فلسطین اور لبنان کے لیے امداد کو بھی سراہا۔