مشہور اداکار علی اعجاز کی چھٹی برسی آج منائی جارہی ہے – پاک لائیو ٹی وی



مشہور اداکار علی اعجاز کی چھٹی برسی آج منائی جارہی ہے

نامور اداکار علی اعجاز کی چھٹی برسی آج منائی جارہی ہے۔

علی اعجاز 1941 میں لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں فنی کیریئر کی شروعات ریڈیو پاکستان لاہور سے کی۔

1964 میں لاہور سے پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو سلسلے وار کھیل ’’لاکھوں میں تین‘‘ لائیو پیش کیا جانے لگا جس کے تین مرکزی کرداروں میں سے ایک علی اعجاز نے نبھایا اور ان کے منفرد کردار کو خاصی مقبولیت ملی۔

ٹی وی پلے ’’دبئی چلو‘‘ اور ’’خواجہ اینڈ سنز‘‘ نے تو علی اعجاز کی شہرت کو چار چاند لگا دیئے۔

عطاء الحق قاسمی کے لکھے ڈرامے ’’شب دیگ‘‘ میں علی اعجاز نے معروف اداکار سہیل اصغر کے ساتھ کام کیا اور مسٹر باجوہ کے کردار میں خود کو امر کر دیا۔

ٹی وی اور اسٹیج کے بعد انہوں نے فلم انڈسٹری میں انٹری دی اور اپنی جاندار اداکاری کی وجہ سے فلم نگری میں بھی چھا گئے۔

اداکار ننھا کے ساتھ ان کی جوڑی فلموں میں بے حد مقبول ہوئی، ان کی مشہور فلموں میں ’’انسانیت‘‘، ’’لیلیٰ مجنوں‘‘، ’’وحشی جٹ‘‘، ’’چور مچائے شور‘‘، ’’صاحب جی‘‘ اور ’’جوڑا‘‘ قابلِ ذکر ہیں۔

حکومتِ پاکستان نے اُن کو 14 اگست 1993 کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا جبکہ انہوں نے متعدد نگار ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

علی اعجاز 18 دسمبر 2018 کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔

Exit mobile version