وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک، شمالی وزیرستان کے دتہ خیل اور ضلع مہمند کے ممد گٹ میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان آپریشنز میں 11 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا، جو کہ دہشت گردی کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو دہشت گردوں کے خلاف اس جنگ میں شریک سیکیورٹی فورسز کے تمام جوانوں پر فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے اور اس جنگ میں ان کی کامیاب کارروائیاں قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سرگرم عمل رہیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف اس جنگ میں متحد ہے اور دشمنوں کو شکست دینے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی کوششیں انتہائی قابل ستائش ہیں اور قوم دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔