بین الصوبائی قائداعظم گیمز کے پانچویں روز پنجاب نے 78 گولڈ میڈلز کے ساتھ اپنی پوزیشن کو مستحکم کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری گیمز میں پنجاب کی گرلز ہاکی ٹیم نے فائنل میں سندھ کو باآسانی 0-16 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا، جبکہ پنجاب کی بوائز ہاکی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد خیبرپختونخوا کو 2-4 سے شکست دی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
اسکواش بوائز کے ایونٹ میں پنجاب نے مزید ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل جیتے، جبکہ تائیکوانڈو گرلز کے مقابلے میں پنجاب کی زرتاشہ اصغر اور سید اکمل محمود نے گولڈ میڈل حاصل کیے۔
ٹیبل ٹینس گرلز میں پنجاب کی کلثوم خان نے دو مزید گولڈ میڈلز جیت کر اپنے صوبے کا نام روشن کیا۔
فٹ بال بوائز کے ایونٹ میں پنجاب نے گلگت بلتستان کو شکست دے کر براؤنز میڈل حاصل کیا۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے بوائز اور گرلز ہاکی، تائیکوانڈو، اسکواش، بیڈمنٹن، اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں کا مشاہدہ کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے قائداعظم گیمز کے اسکواش ایونٹ کی تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی، جہاں کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے گئے اور انعامات دیے گئے۔
اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب نے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو نئی ہاکی اور جوگرز دینے کا اعلان کیا۔ اس تقریب میں ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم اور ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم بھی موجود تھے۔