متعلقہ

190 ملین پاؤنڈ کیس کی طویل ترین سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ – پاک لائیو ٹی وی


راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا، جس کا اعلان 23 دسمبر کو کیا جائے گا۔

اس کیس کی سماعت ایک سال تک جاری رہی، اور اس دوران نیب کی جانب سے 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کروائے گئے۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے گزشتہ روز کیس کے تمام فریقین کے حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  اور بشری بی بی کے وکلا نے آج اپنے حتمی دلائل مکمل کیے، جبکہ پراسیکیوشن ٹیم نے گزشتہ روز اپنے دلائل پیش کیے تھے۔

اس کیس میں اہم گواہان میں سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے بیانات ریکارڈ کروائے۔ سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال بھی اس کیس میں اہم گواہ بنی تھیں۔

یاد رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں گزشتہ سال 27 فروری کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ اس کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی عدالت میں موجود رہے، جبکہ ان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، عثمان گل اور ظہیر عباس چوہدری نے حتمی دلائل دیے۔