متعلقہ

وزیراعلیٰ پنجاب کی پراونشل انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری – پاک لائیو ٹی وی


وزیراعلیٰ پنجاب کی پراونشل انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں پراونشل انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی ڈسٹرکٹ اورتحصیل نے سطح پر انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے قانون سازی کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت دی اور  انفورسمنٹ اتھارٹیز کے قیام کیلئے 11 قوانین، رولز اور آرڈیننس میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ اورتحصیل میں بھی انفورسمنٹ اتھارٹیز قائم کی جائیں گی، صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کی سربراہی چیف سیکریٹری کریں گے اور ڈی جی بھی تعینات ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر جبکہ تحصیل انفورسمنٹ اتھارٹی کا سربراہ اے سی ہوگا، انفورسمنٹ اتھارٹیز سرکاری اراضی پر قبضوں سمیت دیگر سپیشل ٹاسک سرانجام دیں گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پرائس کنٹرول، سرکاری زمینوں پر قبضہ، تجاوزات اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کے اختیارات ہونگے، تحصیل انفورسمنٹ یونٹ کے زیر نگرانی تحصیل کی سطح پر پولیس اسٹیشن اور اسپیشل فورس قائم کی جائے گی۔

انکا مزید کہنا تھا کہ تحصیل انفورسمنٹ اتھارٹی میں یونٹ انچارج، انوسٹی گیشن آفیسرز، انفورسمنٹ آفیسرز اور کانسٹیبل تعینات ہوں گے، تحصیل انفورسمنٹ یونٹ کو قانون پر عملدرآمد کے علاوہ مقدمہ درج کرنے، تحقیقات اور گرفتاری کے اختیارات بھی حاصل ہونگے، مانیٹرنگ کے لئے صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اتھارٹی کے دفاتربھی قائم کئے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انفورسمنٹ اتھارٹیز کو 6 ماہ میں فنکشنل کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔

واضح رہے کہ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر زراعت محمد عاشق حسین، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکریٹری، سیکرٹریز زراعت، خزانہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔