اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم افواج پاکستان کی دفاعِ وطن کیلئے قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 1971 کی جنگ میں جرآت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کی 53 ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1971 میں واہگہ باڈر پر مثالی جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر دشمن کو پسپا کرتے رہے، انہوں نے دشمن کے طاقت اور عددی برتری کے نشے کو خاک میں ملا دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید فرض شناسی اور حب وطنی کی وہ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے جس نے وطن عزیز کو دشمنوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ رکھا، ان کا وطن سے عہد وفا اور ملک کے دفاع کی خاطر اپنی جان تک قربان کر دینے کا جذبہ نسل نو کیلئے مشعل راہ ہے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے، پاکستانی قوم افواج پاکستان کی دفاعِ وطن کیلئے قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔