پارل: جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے میچ پاکستان کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ پارل میں کھیلا جارہا ہے جس میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقہ نے 50 اوورز کے اختتام تک 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز اسکور کیے جب کہ ہنرک کلاسن 86 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
علاوہ ازیں ایدن مارکرم 35، ٹونی ڈی زورزی 33، راین رکلٹن 36، راسی وینڈر ڈوسن 8، ٹرسٹن اسٹبز 1، مارکو جانسن 10، اینڈائل پھہلوکوایو 1 اور کاگیسو رباڈا 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ اوٹنیل بارٹمین نے 10 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین آفریدی اور صائم ایوب ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
پاکستان پلیئنگ الیون
کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم ، کامران غلام، سلمان آغا، عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث روف اور ابرار احمد۔
جنوبی افریقہ پلیئنگ الیون
کپتان ایدن مارکرم، ٹونی ڈی زورزی، راین رکلٹن، راسی وینڈر ڈوسن، ٹرسٹن اسٹبز، ہنرک کلاسن، مارکو جانسن، اینڈائل پھہلوکوایو، کاگیسو رباڈا، اوٹنیل بارٹمین اور تبریز شمسی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی توئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی گئی تھی جس میں میزبان ٹیم نے 2-0 سے جیت اپنے نام کی تھی جب کہ تیسرا اور آخری میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔