وزیر اعظم سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کی ملاقات – پاک لائیو ٹی وی



وزیر اعظم سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کی ملاقات

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم الشیخ نے ملاقات کی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم الشیخ نے ملاقات کی جس دوران وزیر اعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن  سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے اس سال کئی بار سعودی عرب کا دورہ کرنے کا موقع ملا جو پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو ’’فیفا ورلڈ کپ 2034‘‘ کی میزبانی کا حق جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ سعودی عرب اس ایونٹ کا بہترین طور پر انعقاد کرے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا انتہائی اہم ستون ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام مشکل وقت میں سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے پارلیمانی تبادلے انتہائی اہم ہیں، ہم سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے سرگرم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 2.8 ارب ڈالر کی مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، پاک سعودیہ معاہدوں میں کئی امور پر کام کا آغاز ہوچکا ہے جب کہ مجھے امید ہے کہ جلد ہی ان معاہدوں کے ثمرات دونوں ممالک کو ملنا شروع ہوجائیں گے۔

وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب میں تقریباً 2.5 ملین افراد پر مشتمل پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کام کرتی ہیں، عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس نے غزہ، لبنان اور خطے میں امن کے لیے امت مسلمہ کے مطالبے کو تقویت دی۔ پاکستان، غزہ اور لبنان کے عوام کے مصائب اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف تمام کوششوں کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

Exit mobile version