اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ملکی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات نے جولائی تا اکتوبر بڑی صنعتوں کی پیداوار کی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق ملکی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 0.64 فیصد کمی رکارڈ ہوئی۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ ستمبر کے مقابلے اکتوبر میں بھی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 2.24 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی جب کہ اکتوبر میں سالانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 0.02 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی تا اکتوبر غذائی اشیاء کی پیداوار میں 2.22 فیصد کا اضافہ ہوا، 4 ماہ کے دوران کوکنگ آئل کی پیداوار میں 2.10 فیصد اضادفہ ہوا، گندم 0.42 فیصد اور چاول کی پیداوار میں 4.37 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار میں 2.60 فیصد اضافہ ہوا، کاٹن یارن کی پیداوار میں 8.80 فیصد، سوتی کپڑوں کی پیداوار میں 0.81 فیصد اضافہ ہوا جب کہ 4 ماہ کے دوران ملبوسات کی پیداوار میں 16.09 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کولڈ ڈرنکس اور پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 1.33 فیصد اضافہ ہوا، رواں مالی سال اکتوبر میں آٹوموبائل کی پیداوار میں سالانہ 42.86 فیصد اضافہ ہوا جب کہ اکتوبر میں جیپوں اور کاروں کی پیداوار میں 40.36 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایل سی وی کی پیداوار میں 195.92 فیصد اور ٹرکوں کی پیداوار میں 89.49 فیصد اضافہ ہوا جب کہ بسوں کی پیداوار میں 32.80 فیصد اضافہ اور ڈیزل انجن کی پیداوار میں 8.87 فیصد کمی ہوئی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں فارماسیوٹیکل مصنوعات کی پیداوار میں 2.02 فیصد اضافہ ہوا، اس عرصے میں کھادوں کی پیداوار میں 3.82 فیصد اضافہ دیکھا گیا جب کہ 4 ماہ کے دوران لوہے اور اسٹیل کی پیداوار میں 12.42 فیصد کمی ہوئی۔
ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ ربر مصنوعات میں 3.39 فیصد، غیر دھاتی معدنیات کی پیداوار میں 15.05 فیصد اضافہ ہوا اور 4 ماہ کے دوران برقی آلات کی پیداوار میں 21.38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔