متعلقہ

اداروں سے لڑنے کے بجائے دہشتگردوں سے لڑیں، شرجیل میمن کا علی امین گنڈاپور کو مشورہ – پاک لائیو ٹی وی



اداروں سے لڑنے کے بجائے دہشتگردوں سے لڑیں، شرجیل میمن کا علی امین گنڈاپور کو مشورہ

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اداروں سے لڑنے کی بجائے دہشتگردوں سے لڑنے کا مشورہ دے دیا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے وزیر اعلیٰ کو دہشتگردی کے خلاف لڑنا چاہیے، اپنے اداروں سے لڑنے کی بجائے دہشتگردوں سے لڑیں۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کوئی محب وطن ایسا نہیں سوچ سکتا، پیپلزپارٹی نہیں چاہتی کہ ملک میں انارکی اورافراتفری ہو، دہشتگردی خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ جب سانحہ اے پی ایس ہوا تو تب بھی کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بنوں جیل توڑی گئی، دہشتگرد اعلانیہ اپنے لوگوں کو لے کرگئے، بانی پی ٹی آئی اور ان کی قیادت کٹھ پتلی ہے۔ پی ٹی آئی کی ڈوریں کہیں اور سے ہل رہی ہیں جب کہ یہ دشمن ممالک کے اشاروں پر اپنے ملک کو نقصان پہنچارہے ہیں۔

سندھ کے سینئر کا کہنا تھا کہ آپ کو ووٹ اس لیے نہیں ملے کہ ایک حکومت دوسری حکومت سے لڑے، پاکستان پیپلزپارٹی سب سے مفاہمت چاہتی ہے۔

شرجیل میمن کہتے ہیں کہ سندھ حکومت نے پولیو کے خلاف مہم شروع کی ہے جب کہ وزیراعلیٰ سندھ پولیو کے خلاف مہم کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کوئی تقسیم کرنی کی کوشش کرے تو آپ تقسیم نہ ہوں، قوم کا متحد ہونا لازمی ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ میں انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، ہر شہری کو اچھی اور سستی سفری سہولت ملے گی، چینی سرمایہ کار الیکٹرانک اور تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے جارہے ہیں۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان آئے اور بہت اچھی ملاقاتیں ہوئیں جب کہ چینی سرمایہ کاروں نے صدر، وزیراعلیٰ اور دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، الیکٹرک ٹیکسی متعارف کروانے جارہے ہیں جس سے روزگار کے مواقع ملیں گے۔