لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کے دورہ چین میں پنجاب والوں کے لیے بڑی خوش خبریاں ہیں۔
صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب آٹھ دن چائنہ کے سرکاری دورے پر تھی، یہ پہلی وزیر اعلیٰ تھیں جن کو ہیڈ آف اسٹیٹ کا وہاں پر پروٹوکول اور مرتبہ ملا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سوشل میڈیا کے ٹائیگرز تلملا رہے تھے، یہ لوگ جن لوگوں کے ساتھ تصویریں کھنچوا کر خوش ہوتے تھے وہ ان ملاقاتوں میں انٹر پریٹر تھے، ان کا دورہ سرکاری تھا لیکن مسلم لیگ ن کو ایک پارٹی کے طور پر ہائی لائیٹ کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے ایگری کلچر پر فوکس کیا ہوا ہے، ان کی کوشش ہے کہ ہمارے کسانوں کے پاس بھی وہی آلات ہونے چاہیے جو دنیا استعمال کررہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ان کو کہا کہ وہ پنجاب میں آکر اپنے پلانٹس لگائے، اے آئی فورس کا ڈیلی گیشن ایک سے ڈیڑھ مہینے میں لاہور آئے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی والدہ کا انتقال کینسر سے ہوا تھا، نواز شریف کینسر اسپتال میں کینسر کے علاج کے حوالے سے کیمو تھریپی چائنا میں بغیر تکلیف کے کی جاتی ہے اس کو یہاں لگایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے دعوت دی کہ ہمارا ٹرانسپورٹ سسٹم بہتر بنارہے ہیں، دسمبر میں بسوں کا پہلا فلیٹ لاہور پہنچنے والا ہے، چائنا نے پانچ سال میں اسموگ پر قابو پایا، چائنا کے ایکسپرٹس نے کہا کہ پنجاب صحیح اقدامات کی جانب جارہا ہے، پانچ سال میں اس کو مکمل کیا جارہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے جنکو کمپنی کو پنجاب میں سولر کا پلانٹ لگانے کی دعوت دی ہے، کانفرنس میں ساٹھ سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی جس میں مختلف کمپنیوں پر بات کی، چائینیز کی سیکیورٹی کے حوالے سے معاملات کو مزید بہتر بنائیں گے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ پچاس کروڑ ڈالر کا فنڈ قائم کیا گیا ہے جس سے پنجاب میں مختلف پروجیکٹس شروع کیے جائیں گے، ہوائے کے دفتر کا وزیر اعلیٰ پنجاب نے دورہ کیا اور لاہور کو جدید ترین اسمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب کی عوام کے لئے بہت ساری خوش خبریاں ہیں۔