اسلام آباد: مہنگی آئی پی پیز کے ساتھ بجلی خریداری کے معاہدوں سے متعلق ایک اور پیش رفت سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق مزید ایک اور آئی پی پی کے ساتھ بجلی خریداری کا معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ایک اور نجی بجلی گھر کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے پر معاملات طے پاگئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پاک جین پاور پلانٹ کے ساتھ بجلی خریداری کا معاہدہ ختم کیا جائے گا جب کہ پاک جین 365 میگاواٹ صلاحیت کی حامل آئی پی پی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدہ ختم کرنے کے نتیجے میں اربوں روپے کی بچت متوقع ہے، پاک جین پاور پلانٹ 1994 کی پاور پالیسی کے تحت لگایا گیا تھا۔
ذرائع نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت مختلف آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی پر کام کررہی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے اکتوبر میں 5 آئی پی پیز کے ساتھ بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کردیے تھے جب کہ وفاقی کابینہ رواں ماہ بگاس پر چلنے والے 8 پاور پلانٹس کے معاہدوں پر نظرثانی بھی کرچکی ہے۔