چینی تاجروں کو سرمایہ کاری کے لیے سہولت فراہم کریں گے، مریم نواز – پاک لائیو ٹی وی



چینی تاجروں کو سرمایہ کاری کے لیے سہولت فراہم کریں گے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ چینی تاجروں کو سرمایہ کاری کے لیے سہولت فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین میں پنجاب بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے چینی حکومت کی جانب سے مہمان نوازی کی بےحد مشکور ہوں، پاکستان، چین کے دہائیوں پرانے مضبوط، برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی کرتی ہوئی معیشت ہمارے لیے قابلِ تقلید ہے، چینی حکومت کی سیاسی بصیرت، ترقی سب کے لیے مشعل راہ ہے، صدر شی جن پنگ کی باصلاحیت قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کی لیڈر شپ اور مختلف کمپنیز سے سیر حاصل گفتگو ہوئی، آئی ٹی، زراعت، مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں پر گفتگو ہوئی، چینی تاجروں کو سرمایہ کاری کے لیے سہولت فراہم کریں گے، پنجاب بزنس کونسل دونوں ممالک میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ چینی سرمایہ کار اور تاجر پنجاب میں سرمایہ کاری کریں، پنجاب کو دنیا بھر کے لیے تجارت، سرمایہ کاری کا مرکز بنائیں گے، چین، پاکستان میں مضبوط شراکت داری کے خواہاں ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تغیر سے نمٹنے کے لیے چین کی پالیسیاں بہت اہم ہیں، ماحولیات کی بہتری کے لیے تربیتی پروگرام کے بارے میں گفتگو ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں چینی اسپتالوں، نظام صحت سے فائدہ اٹھایا جائے گا، دیہی علاقوں کی ترقی کے لیے چین کے ماڈل کو اپنایا جائے گا۔

Exit mobile version