وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ شہدائے اے پی ایس نے قربانی کی ایک ایسی داستان رقم کی جو کبھی فراموش نہیں کی جا سکے گی۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول کی دسویں برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کا دلخراش واقعہ ملکی تاریخ کا نہایت اندوہناک سانحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کا سانحہ ناقابل فراموش ہے جس نے ہر ایک آنکھ کو اشکبار کیا، اس اندوہناک سانحے نے ملک میں دیر پا امن کی بنیاد رکھی، اس سانحے نے پوری قوم، حکومت اور اداروں کو مشترکہ دشمن کے خلاف متحد کر دیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہدائے اے پی ایس کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا، آج کا دن ہمیں اس المیہ کی یاد دلاتا ہے جب انسانیت کے دشمنوں نے ننھے اور معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا۔
انکا کہنا تھا کہ اس المناک واقعے کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے متحد ہوئے، اس سانحے کے بعد سیاسی اور عسکری قیادت نے مل بیٹھ کر نیشنل ایکشن پلان بنایا جو پرامن پاکستان کی طرف درست اور بروقت اقدام ثابت ہوا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ آج کا دن متاثرہ والدین کیلئے نہایت کرب کا دن ہے کیونکہ اس دن ان کے جگرگوشے ہمیشہ کے لئے اُن سے جدا ہو گئے، شہدائے اے پی ایس نے قربانی کی ایک ایسی داستان رقم کی جو کبھی فراموش نہیں کی جا سکے گی، پوری قوم شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔