وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ سندھ نے این جے وی اسکول میں بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر کمشنر کراچی حسن نقوی، ، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ، انچارج ای او سی ارشاد سوڈھر اور دیگر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔
انسداد پولیس مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج میں یہاں این جے وی ہائی اسکول میں سال کی آخری پولیو مہم کے افتتاح کے لیے آیا ہوں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیو صرف پاکستان اور افغانستان میں ختم نہیں ہوا، اس کو ختم کرنا ہے۔ بدقسمتی سے نگراں حکومت کا دھیان پولیو مہم پر نہیں ہوتا جس وجہ سے کیسز بڑھ جاتے ہیں۔
انہوں نے والدین سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں انسداد پولیو مہم 16 تا 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔انسداد پولیو مہم میں قطرے پلا کر اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچائیں۔ یہ اس سال کی آخری پولیو مہم ہے، کوئی بچہ ویکسین سے رہ نہ جائے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس سال پاکستان میں 63 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 17 کا تعلق سندھ سے ہے۔ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے ۔80 ہزار فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے ۔ سندھ بھر میں پولیو ٹیموں کی حفاظت کےلیے 15 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔